بے شک بچے کے لیۓ ماں کا دودھ بے حد ضروری ہے ۔ طبی ماہرین نے مختلف تحقیقات سے یہ ثابت کیا ہے کہ ماں کا دودھ پینے والے بچے جسمانی اور ذھنی طور پر دوسروں کی نسبت زیادہ صحت مند اور چاق و چوبند ہوتے ہیں ۔
میگ گل یونیورسٹی اور مانٹریال چلڈرن ہسپتال کی مشترکہ طبی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو بچے ماں کے دودھ پر پرورش پاتے ہیں وہ نسبتاً زیادہ ذہین وفطین ہوتے ہیں۔ میڈیکل تحقیق کے ایک معروف جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ماں کا دودھ پہلے تین ماہ میں ہی بچے کی ذہانت پر اثر انداز ہونے لگتا ہے۔ تحقیق کے دوران ڈبے کا دودھ پینے والے بچوں کے گروپ اور ماں کا دودھ پینے والے بچوں کے درمیان جب ذہانت کا مقابلہ ہوا تو دوسرے گروپ کے تمام بچوں نے کم از کم 6 پوائنٹس کے ساتھ اپنی برتری ثابت کی۔ اسی تحقیق کے ایک دوسرے مرحلے میں جب 18 سال سے 20 سال کے نوجوانوں کے درمیان مقابلہ ہوا تو وہاں بھی ماں کا دودھ پینے والے نوجوانوں نے 46 فیصد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس مقابلے میں سوچ بچار ،سیکھنے کا عمل، یادداشت اور تخلیقی رویے شامل تھے ۔ تحقیق مکمل کرنے والے پروفیسر ڈاکٹر مائیکل کرا میر نے کہا ہے کہ ماں کا دودھ پینے والے بچے اپنی زندگی میں زیادہ سمارٹ اور پھرتیلے ثابت ہوتے ہیں۔
ایک نئی ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ ماں کا دودھ پینے والے بچوں کے پھیپھڑے مضبوط ہو تے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ماں کی چھاتی سے دودھ چوسنے کی مشق بچوں کے پھیپھڑوں پر مثبت اثر ڈالتی ہے اور ایسے بچوں کے پھیپھڑے بلوغت میں بھی ان لوگوں کے پھیپھڑوں سے زیادہ صحت مند ہوتے ہیں جنہوں نے بچپن میں ماں کا دودھ نہ پیا ہو۔ ساؤتھمپٹن یونیورسٹی اور مشی گن سٹیٹ یونیورسٹی کے کالج آف ویٹرنری میڈیسن کے ریسرچرز کی مشترکہ ٹیم نے اس حوالے سے آئل آف وائٹ پر دس سال کی تحقیق کے دوران تقریباً ڈیڑھ ہزار بچوں مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ وہ بچے جنہوں نے کم از کم چار ماہ تک ماں کی چھاتی سے دوددھ پیا تھا ان کے پھیپھڑے بعد کے بچپن میں بھی زیادہ بہتر کام کر رہے تھے۔ ریسرچ میں شامل ایک تہائی بچوں کو کم از کم چار ماہ تک چھاتی سے دودھ پلایا گیا اوریہ جانا گیا کہ اوسطاً ان بچوں کے پھیپھڑے اپنے اندر زیادہ آکسیجن سما سکتے ہیں اور اسے زیادہ تیزی سے باہر نکال سکتے ہیں