File Catalog

سورۂ مؤمنون

اللہ کے نام سے شروع جو نہایت مہربان رحم والا (ف۱)
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

(ف۱) - سورۂ مؤمنون مکیّہ ہے ، اس میں چھ ۶رکوع اور ایک سو اٹھارہ آیتیں ہیں اور ایک ہزار آٹھ سو چالیس ۱۸۴۰ کلمے اور چار ہزار آٹھ سو دو حرف ہیں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
1. بیشک مراد کو پہنچے ایمان والے
1. قَدْ اَفْلَحَ الْمُؤْمِنُوْنَۙ۝۱

--------------------------------------------------------------------------------
2. جو اپنی نماز میں گڑگڑاتے ہیں (ف۲)
2. الَّذِیْنَ هُمْ فِیْ صَلَاتِهِمْ خٰشِعُوْنَۙ۝۲

(ف۲) - ان کے دلوں میں خدا کا خوف ہوتا ہے اور ان کے اعضا ساکِن ہوتے ہیں ۔ بعض مفسِّرین نے فرمایا کہ نماز میں خشوع یہ ہے کہ اس میں دل لگا ہوا اور دنیا سے توجہ ہٹی ہوئی ہو اور نظر جائے نماز سے باہر نہ جائے اور گوشۂ چشم سے کسی طرف نہ دیکھے اور کوئی عبث کام نہ کرے اور کوئی کپڑا شانوں پر نہ لٹکائے اس طرح کہ اس کے دونوں کنارے لٹکتے ہوں اور آپس میں ملے نہ ہوں اور انگلیاں نہ چٹخائے اور اس قسم کے حرکات سے باز رہے ۔ بعض نے فرمایا کہ خشوع یہ ہے کہ آسمان کی طرف نظر نہ اٹھائے ۔

--------------------------------------------------------------------------------
3. اور وہ جو کسی بیہودہ بات کی طرف التفات نہیں کرتے (ف۳)
3. وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَۙ۝۳

(ف۳) - ہر لہو و باطل سے مُجتنِب رہتے ہیں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
4. اور وہ کہ زکٰوۃ دینے کا کام کرتے ہیں (ف۴)
4. وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِلزَّكٰوةِ فٰعِلُوْنَۙ۝۴

(ف۴) - یعنی اس کے پابند ہیں اور مداومت کرتے ہیں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
5. اور وہ جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں
5. وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِفُرُوْجِهِمْ حٰفِظُوْنَۙ۝۵

--------------------------------------------------------------------------------
6. مگر اپنی بیبیوں یا شرعی باندیوں پر جو ان کے ہاتھ کی مِلک ہیں کہ ان پر کوئی ملامت نہیں (ف۵)
6. اِلَّا عَلٰۤی اَزْوَاجِهِمْ اَوْ مَا مَلَكَتْ اَیْمَانُهُمْ فَاِنَّهُمْ غَیْرُ مَلُوْمِیْنَۚ۝۶

(ف۵) - اپنی بی بیوں اور باندیوں کے ساتھ جائز طریقے پر قربت کرنے میں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
7. تو جو ان دو (۲) کے سوا کچھ اور چاہے وہی حد سے بڑھنے والے ہیں (ف۶)
7. فَمَنِ ابْتَغٰی وَرَآءَ ذٰلِكَ فَاُولٰٓىِٕكَ هُمُ الْعٰدُوْنَۚ۝۷

(ف۶) - کہ حلال سے حرام کی طرف تجاوز کرتے ہیں ۔ مسئلہ : اس سے معلوم ہوا کہ ہاتھ سے قضائے شہوت کرنا حرام ہے ۔ سعید بن جبیر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے فرمایا اللہ تعالٰی نے ایک اُمّت کو عذاب کیا جو اپنی شرمگاہوں سے کھیل کرتے تھے ۔

--------------------------------------------------------------------------------
8. اور وہ جو اپنی امانتوں اور اپنے عہد کی رعایت کرتے ہیں (ف۷)
8. وَ الَّذِیْنَ هُمْ لِاَمٰنٰتِهِمْ وَ عَهْدِهِمْ رٰعُوْنَۙ۝۸

(ف۷) - خواہ وہ امانتیں اللہ کی ہوں یا خَلق کی اور اسی طرح عہد خدا کے ساتھ ہوں یا مخلوق کے ساتھ سب کی وفا لازم ہے ۔

--------------------------------------------------------------------------------
9. اور وہ جو اپنی نمازوں کی نگہبانی کرتے ہیں (ف۸)
9. وَ الَّذِیْنَ هُمْ عَلٰی صَلَوٰتِهِمْ یُحَافِظُوْنَۘ۝۹

(ف۸) - اور انہیں ان کے وقتوں میں ان کے شرائط و آداب کے ساتھ ادا کرتے ہیں اور فرائض و واجبات اور سنن و نوافل سب کی نگہبانی رکھتے ہیں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
10. یہی لوگ وارث ہیں
10. اُولٰٓىِٕكَ هُمُ الْوٰرِثُوْنَۙ۝۱۰

--------------------------------------------------------------------------------
11. کہ فردوس کی میراث پائیں گے وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے
11. الَّذِیْنَ یَرِثُوْنَ الْفِرْدَوْسَ ؕ هُمْ فِیْهَا خٰلِدُوْنَ۝۱۱

--------------------------------------------------------------------------------
12. اور بیشک ہم نے آدمی کو چنی ہوئی مٹی سے بنایا (ف۹)
12. وَ لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ مِنْ سُلٰلَةٍ مِّنْ طِیْنٍۚ۝۱۲

(ف۹) - مفسِّرین نے فرمایا کہ انسان سے مراد یہاں حضرت آدم ہیں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
13. پھر اسے (ف۱۰) پانی کی بوند کیا ایک مضبوط ٹھہراؤ میں (ف۱۱)
13. ثُمَّ جَعَلْنٰهُ نُطْفَةً فِیْ قَرَارٍ مَّكِیْنٍ۪۝۱۳

(ف۱۰) - یعنی اس کی نسل کو ۔

(ف۱۱) - یعنی رِحم میں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
14. پھر ہم نے اس پانی کی بوند کو خون کی پھٹک کیا پھر خون کی پھٹک کو گوشت کی بوٹی پھر گوشت کی بوٹی کو ہڈیاں پھر ان ہڈیوں پر گوشت پہنایا پھر اسے اور صورت میں اٹھان دی (ف۱۲) تو بڑی برکت والا ہے اللہ سب سے بہتر بنانے والا ہے
14. ثُمَّ خَلَقْنَا النُّطْفَةَ عَلَقَةً فَخَلَقْنَا الْعَلَقَةَ مُضْغَةً فَخَلَقْنَا الْمُضْغَةَ عِظٰمًا فَكَسَوْنَا الْعِظٰمَ لَحْمًا ۗ ثُمَّ اَنْشَاْنٰهُ خَلْقًا اٰخَرَ ؕ فَتَبٰرَكَ اللّٰهُ اَحْسَنُ الْخٰلِقِیْنَؕ۝۱۴

(ف۱۲) - یعنی اس میں روح ڈالی ، اس بے جان کو جان دار کیا ، نُطق اور سمع اور بصر عنایت کی ۔

--------------------------------------------------------------------------------
15. پھر اس کے بعد تم ضرور (ف۱۳) مرنے والے ہو
15. ثُمَّ اِنَّكُمْ بَعْدَ ذٰلِكَ لَمَیِّتُوْنَؕ۝۱۵

(ف۱۳) - اپنی عمریں پور ی ہونے پر ۔

--------------------------------------------------------------------------------
16. پھر تم سب قیامت کے دن (ف۱۴) اٹھائے جاؤ گے
16. ثُمَّ اِنَّكُمْ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ تُبْعَثُوْنَ۝۱۶

(ف۱۴) - حساب و جزا کے لئے ۔

--------------------------------------------------------------------------------
17. اور بیشک ہم نے تمہارے اوپر سات (۷) راہیں بنائیں (ف۱۵) اور ہم خلق سے بے خبر نہیں (ف۱۶)
17. وَ لَقَدْ خَلَقْنَا فَوْقَكُمْ سَبْعَ طَرَآىِٕقَ ۖۗ وَ مَا كُنَّا عَنِ الْخَلْقِ غٰفِلِیْنَ۝۱۷

(ف۱۵) - ان سے مراد سات آسمان ہیں جو ملائکہ کے چڑھنے اترنے کے رستے ہیں ۔

(ف۱۶) - سب کے اعمال ، اقوال ، ضمائر کو جانتے ہیں کوئی چیز ہم سے چھپی نہیں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
18. اور ہم نے آسمان سے پانی اتارا (ف۱۷) ایک اندازہ پر (ف۱۸) پھر اسے زمین میں ٹھہرایا اور بیشک ہم اس کے لے جانے پر قادر ہیں (ف۱۹)
18. وَ اَنْزَلْنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءًۢ بِقَدَرٍ فَاَسْكَنّٰهُ فِی الْاَرْضِ ۖۗ وَ اِنَّا عَلٰی ذَهَابٍۭ بِهٖ لَقٰدِرُوْنَۚ۝۱۸

(ف۱۷) - یعنی مِینہ برسایا ۔

(ف۱۸) - جتنا ہمارے علم و حکمت میں خَلق کی حاجتوں کے لئے چاہیٔے ۔

(ف۱۹) - جیسا اپنی قدرت سے نازِل فرمایا ایسا ہی اس پر بھی قادر ہیں کہ اس کو زائل کر دیں تو بندوں کو چاہیے کہ اس نعمت کی شکر گزاری سے حفاظت کریں ۔

--------------------------------------------------------------------------------
19. تو اس سے ہم نے تمہارے باغ پیدا کئے کھجوروں اور انگوروں کے تمہارے لئے ان میں بہت سے میوے ہیں (ف۲۰) اور ان میں سے کھاتے ہو (ف۲۱)
19. فَاَنْشَاْنَا لَكُمْ بِهٖ جَنّٰتٍ مِّنْ نَّخِیْلٍ وَّ اَعْنَابٍ ۘ لَكُمْ فِیْهَا فَوَاكِهُ كَثِیْرَةٌ وَّ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَۙ۝۱۹

(ف۲۰) - طرح طرح کے ۔

(ف۲۱) - جاڑے اور گرمی وغیرہ موسموں میں اور عیش کرتے ہو ۔

--------------------------------------------------------------------------------
20. اور وہ پیڑ پیدا کیا کہ طور سینا سے نکلتا ہے (ف۲۲) لے کر اگتا ہے تیل اور کھانے والوں کے لئے سالن (ف۲۳)
20. وَ شَجَرَةً تَخْرُجُ مِنْ طُوْرِ سَیْنَآءَ تَنْۢبُتُ بِالدُّهْنِ وَ صِبْغٍ لِّلْاٰكِلِیْنَ۝۲۰

(ف۲۲) - اس درخت سے مراد زیتون ہے ۔

(ف۲۳) - یہ اس میں عجیب صفت ہے کہ وہ تیل بھی ہے کہ منافع اور فوائد تیل کے اس سے حاصل کئے جاتے ہیں ، جلایا بھی جاتا ہے ، دوا کے طریقہ پر بھی کام میں لایا جاتا ہے اور سالن کا بھی کام دیتا ہے کہ تنہا اس سے روٹی کھائی جا سکتی ہے ۔

--------------------------------------------------------------------------------
21. اور بیشک تمہارے لئے چوپاؤں میں سمجھنے کا مقام ہے ہم تمہیں پلاتے ہیں اس میں سے جو ان کے پیٹ میں ہے (ف۲۴) اور تمہارے لئے ان میں بہت فائدے ہیں (ف۲۵) اور ان سے تمہاری خوراک ہے (ف۲۶)
21. وَ اِنَّ لَكُمْ فِی الْاَنْعَامِ لَعِبْرَةً ؕ نُسْقِیْكُمْ مِّمَّا فِیْ بُطُوْنِهَا وَ لَكُمْ فِیْهَا مَنَافِعُ كَثِیْرَةٌ وَّ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَۙ۝۲۱

(ف۲۴) - یعنی دودھ خوشگوار موافقِ طبع جو لطیف غذا ہوتا ہے ۔

(ف۲۵) - کہ ان کے بال ، کھال ، اُون وغیرہ سے کام لیتے ہو ۔

(ف۲۶) - کہ انہیں ذبح کر کے کھا لیتے ہو ۔

--------------------------------------------------------------------------------
22. اور ان پر (ف۲۷) اور کشتی پر (ف۲۸) سوار کئے جاتے ہو
22. وَ عَلَیْهَا وَ عَلَی الْفُلْكِ تُحْمَلُوْنَ۠۝۲۲

(ف۲۷) - خشکی میں ۔

(ف۲۸) - دریاؤں میں ۔

--------------------------------------------------------------------------------